مریم نواز نئی سیاسی اننگز کھیلنے آج آرہی ہیں
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزز مریم نواز کل (ہفتہ کو) ابوظہبی سے لاہور آج پہنچیں گی، گزشتہ 4 سالوں کے دوران انہوں نے جیل و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، وہ ساڑھے 3 ماہ اپنے والد کے پاس لندن قیام کر کے ملکی سیاسی محاذ پر نئی انٹری دینے کیلئے تیار ہیں۔
شریف خاندان نے مریم نواز کو 2011ء میں سیاسی میدان میں اتارا، مریم نواز نے سیاسی اُتار چڑھاؤ دیکھے اور 13 جولائی 2018ء کو پہلی مرتبہ جیل گئیں اور اڈیالہ جیل میں والد کے ساتھ ایون فیلڈ کیس میں سزا کاٹی۔
مریم نواز نے نیب حراست اور ایون فیلڈ کیس میں عمران دور حکومت میں 158 روز جیل کی قید کاٹی۔
مریم نواز نے اپنے والد کے ساتھ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ ریلیوں کی قیادت بھی کی، عمران حکومت کے دوران اپنے والد کی رہائی کی ناصرف بہادری کے ساتھ مہم چلائی، عمران خان حکومت کی جانب سے ان کی کوریج اور آواز کو دبایا گیا تاہم انہوں نے سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔
مریم نواز ایون فیلڈ کیس میں سزا کالعدم ہونے پر بری ہوئیں جبکہ نیب ریفرنس میں ان کا ضبط پاسپورٹ لاہور ہائیکورٹ سے اکتوبر 2022ء میں انہیں واپس ملا، جس کے بعد وہ اپنے والد کے پاس لندن پہنچ گئیں۔
مریم نواز نے لندن میں ساڑھے 3 ماہ اپنے والد نواز شریف کے ساتھ سیاسی مشاورت اور تنظیم سازی پر کام کیا جبکہ چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر کے عہدے ملنے کے بعد وہ ہفتے کی شام 3 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچ رہی ہیں، جہاں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی جانب سے ان کے شاندار استقبال کا اعلان کیا گیا ہے۔