پاکستانیوں کی دولت کی قدر میں کمی، چوروں کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے،عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بینکوں میں رکھے گئے پیسوں کی قدر گرنے لگی ہے۔ پاکستانیوں کی دولت میں کمی ہورہی ہے جبکہ چوری کرنے والوں کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے۔
ویڈیو کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں مہنگائی 12 فیصد پر تھی۔ روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی 35 فیصد پر جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں پٹرول 110 ڈالر فی بیرل تھا جبکہ پاکستان میں پٹرول 150روپے، ڈیزل145 روپے لیٹر تھا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل اب 85 ڈالر ہے مگر اس کے باجود ڈیزل اورپٹرول 50،50روپے فی لیٹرمزید مہنگا ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شرح مہنگائی 12سے 35 فیصد تک پہنچ گئی۔ گھی اور تیل کی قیمتیں 45سے50 فیصد پرجائے گی، ہمارے دور میں بجلی16روپے آج 36روپے یونٹ ہے، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 8 روپے جبکہ گیس کی قیمتوں میں مزید 47 فیصد اضافہ ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر سولہ اعشاریہ چار ارب تھے۔ غلطی سدھارنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ صاف اور شفاف الیکشن کراتے۔ کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ الیکشن نہ کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کرنے والے غلطی کو درست کرنے کے بجائے ملک مزید دلدل میں دھنساتے چلے جا رہے ہیں۔ غطی درست کرنے کا طریقہ صرف نیا الیکشن تھا مگر تحریک انصاف کی کامیابی کے خوف سے الیکش نہیں کرایا گیا۔