بزدار حکومت میں ویکسین خریداری میں بھی گھپلے سامنے آگئے
بزدار حکومت نے کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی خریداری میں قومی خزانے کو 18 کروڑ 54 لاکھ روپے کا چونا لگا دیا۔
بزدار دورحکومت میں کتےکے کاٹنے کی ویکسین کی خریداری میں بھِی مبینہ کرپشن سامنے آگئی ہے، ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ پنجاب کی آڈٹ رپورٹ نے صاف چلی شفاف چلی کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے، جس میں سابق وزیر صحت یاسمین راشد کے دور میں مبینہ کرپشن کی کہانی سامنے آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بزدار حکومت میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی خریداری میں بھی قومی خزانے کو چونا لگایا گیا، جس سے قومی خزانے کو 18 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بزدار سرکار نے کتے کے کاٹنے کی ویکسین دوگنی قیمت پر خریدی، 750 روپے میں دستیاب ویکسین کی بجائے 1395روپے کی مہنگی ترین دوائی کی لاکھوں خوراکیں خریدی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ مارکیٹ میں مناسب قیمت کی دوا ہوتے ہوئے مہنگی ترین ویکیسن خریدی گئی۔ آڈٹ کی روشنی میں تحقیقاتی اداروں کو مزید انکوائری کی درخواست کردی گئی۔