ویمن T20 ورلڈ کپ میں پہلی بار تمام میچ خواتین آفیشلز سپروائز کریں گی
آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین میچ آفیشلز ہی تمام میچ سپروائز کریں گی۔
آئی سی سی نے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آفیشلز کا اعلان کردیا ہے جس میں تمام کی تمام خواتین ہی شامل ہیں۔
13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز کو شامل کیا گیا ہے جس میں بھارت کی 3، سری لنکا، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، انگلینڈ کی دو، دو اور نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ایک، ایک آفیشل شامل ہیں۔
میچ ریفریز میں بھارت کی جی ایس لکشمی، جنوبی افریقہ کی شاندرے فرٹز اور سری لنکا کی مچل پریرا شامل ہیں۔
امپائرز میں سوریڈفرن (انگلینڈ)، ایلوئس شیریڈن (آسٹریلیا)، کلیئر پولوساک (آسٹریلیا)، جیکولین ولیمز (ویسٹ انڈیز)، کم کاٹن (نیوزی لینڈ)، لاؤرین ایجن بگ (جنوبی افریقہ)، انا ہیرس (انگلینڈ)، ورندا راٹھی (انڈیا)، این جانانی (انڈیا)، نیمالی پریرا ( سری لنکا) شامل ہیں۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آٹھواں ایڈیشن 10 فروری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ کا فائنل 26 فروری کو کھیلا جائے گا۔