کراچی: پُراسرار بخار اموات، 3 غیرقانونی فیکٹریاں سیل، چار افراد گرفتار

ضلع کیماڑی میں 16 بچوں سمیت 19 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں

کراچی میں پراسرار بیماری سے اموات کے بعد ضلع کیماڑی کی انتظامیہ نے 3 غیر قانونی فیکٹریوں کو سیل کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

کراچی کے ضلع کیماڑی میں واقع محمد علی لغاری گوٹھ میں 19 افراد کی پراسرار بخار کے باعث اموات کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی، متاثرہ علاقے میں قائم غیر قانونی فیکٹریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا، اب تک متعدد غیر قانونی فیکٹریوں کو سیل کرکے ان کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہو ضلع کیماڑی کے ڈپٹی کمشنر مختار علی ابڑو نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے ہمراہ محمد علی لغاری گوٹھ کا دورہ کیا تو علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فیکٹریوں سے نکلنے والے دھویں کے باعث ان کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بچوں سمیت 19 افراد پُراسرار بخار کے باعث انتقال کرچکے ہیں اور 30 سے زائد افراد اس نامعلوم بیماری میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کرکے متاثرہ افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں اور سیمپلز اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ متاثرہ افراد کے بارے میں بتاتے ہوئے مختار علی ابڑو کا کہنا تھا کہ زیادہ تر افراد کو سینے کے انفیکشن کی شکایات ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مکینوں کی شکایت پر علاقے کا دورہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہاں پر بڑی تعداد میں غیرقانونی فیکٹریاں قائم ہیں، جن میں پلاسٹک اور پتھر جلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ غیرقانونی فیکٹریاں ایک ماہ قبل ہی اس علاقے میں قائم ہوئی ہیں جو کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مزید جانیے: کراچی میں پراسرار بخار سے 19 افراد انتقال کرگئے

ڈپٹی کمشنر کے مطابق محمد علی لغاری گوٹھ میں قائم 3 فیکٹریوں کو سیل کر کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان فیکٹریوں میں پلاسٹک کا سامان جلایا جارہا تھا جو کہ مضر صحت دھویں کا سبب بنتا ہے۔

دوسری طرف ضلع کیماڑی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) فدا حسین جانوری نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر نے 4 افراد کو پولیس کی حراست میں دیا ہے، جن کو کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی دفعہ 54 کے تحت 24 گھنٹوں کیلئے زیر حراست رکھا گیا ہے۔ ایس ایس کا کہنا تھا کی تاحال ضلعی انتظامیہ نے مقدمے کے اندراج کیلئے کوئی درخواست نہیں دی ہے۔

Karachi Police

FACOTRY SEALED

Tabool ads will show in this div