”پٹھان“ کا پہلے ہی دن ریکارڈ توڑ بزنس، 100 کروڑ سے زیادہ کمالیے
شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز کے دن دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔
پہلے دن ’پٹھان‘ نے 106 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جس میں سے 69 کروڑ صرف اندین باکس آفس سے حاصل ہوئے جب کہ اوورسیز باکس آفس سے 35.5 کروڑ کمائے گئے ہیں۔
باکس آفس ورلڈ وائیڈ کے ایک ٹویٹ کے مطابق ’پٹھان‘ نے شمالی امریکا سے 1.5 ملین ڈالر (12 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ) کلیکشن کیا ہے۔ برطانیہ اور یورپ کے باکس آفس سے 650 ہزار ڈالر (5 کروڑ سے زائد) کی کمائی ہوئی ہے۔
فلم ’پٹھان‘ کو خلیجی مارکیٹ سے 1 ملین ڈالر (8.1 کروڑ روپے) سے زیادہ کمائی کرنے کی امید ہے۔ فلم ’پٹھان‘ سے باکس آفس پر ایک مرتبہ پھر شاہ رخ خان کی بادشاہت قائم ہوگئی ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پہلے دن ہی ریتک روشن کی ’وار‘ اور یش کی ’کے جی ایف 2‘ کے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔
اب امید کی جا رہی ہے کہ فلم اپنے پہلے ویک اینڈ پر زبردست کمائی کرے گی۔ ’پٹھان‘ کے پہلے دن کے کلیکشن سے ایسا لگتا ہے کہ ہندی فلم انڈسٹری دوبارہ پٹری پر آ گئی ہے۔ فلم اچھی ہوگی تو شائقین اسے دیکھنے کیلئے ضرور تھئیٹر پہنچیں گے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پٹھان‘ میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی اہم کردار میں ہیں۔ یہ فلم ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ریلیز ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون نے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان کے لئے کہا تھا کہ میں ان کیلئے جو سوچتی ہوں اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکوں گی۔ ان سے رشتہ احساس اور پیار کا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں کئی شاندار فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔