چوہدری شجاعت حسین ق لیگ کے صدر نہیں رہے
ق لیگ میں دراڑ واضح ہوگئی ہے، مسلم لیگ ق کی ورکنگ کونسل نے پرویز الہیٰ کو مسلم لیگ ق پنجاب کا بلا مقابلہ صدر بنا دیا۔
ق لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں مرکزی، چاروں صوبائی پارٹی عہدیداران، رہنما، اور آزاد کشمیر سے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت اور طارق بشیر چیمہ کو مرکزی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
اجلاس میں چوہدری وجاہت حسین کو مسلم لیگ ق کا بلا مقابلہ صدر اور کامل علی آغا کو مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا گیا، جب کہ چوہدری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ ق پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا۔
دوسری جانب ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک نے اجلاس کو غیرقانونی قراردے دیا ہے، اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں چوہدری شجاعت بطور پارٹی صدر رجسٹرڈ ہیں۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ ق لیگ کا بلایا گیا اجلاس غیر قانونی ہے، اس حوالے سے شام 4 بجے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کریں گے۔
سالک حسین نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے ڈانٹا ہو گا کہ پہلے اپنی پارٹی تو سنبھال لیں پھر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کریں۔
سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت قانونی اور آئینی طور پر پارٹی صدرہیں، جنرل کونسل کا جعلی اجلاس بلا کر حقیقت کوتبدیل نہیں کیا جاسکتا۔