اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
حکومتی اقدامات اور اعلانات نے اسٹاک ایکسچینج میں نئی جان ڈال دی جس کی وجہ سے بدھ کے روز ہنڈریڈ انڈیکس میں 729 ہوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کو مارکیٹ بیسڈ کرنے اور وزیر اعظم کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے اعلان نے بدھ کے روز اسٹاک مارمیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔
کاروباری دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس 890 پوائنٹس بڑھ کر 39 ہزار 945 پر بھی دیکھا گیا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 729 پوائنٹس اضافے کے بعد 39 ہزار 784 پر بند پوا۔
بدھ کے روز 355 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 228 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ، 105 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جب کہ 22 کے دام مستحکم رہے۔