کراچی: ٹرک کی ٹکر سے اسکول جانے والے 3 بچے جاں بحق
جاں بحق بچوں میں دو بھائی بھی شامل ہیں
کراچی میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے اسکول جانے والے تین بچے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب پیش آیا۔ تینوں بچے موٹر سائیکل پر سوار تھے اور اسکول سے واپس آرہے تھے۔
حادثے میں تینوں بچوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے منی ٹرک کو تحویل میں لے لیا، تاہم ٹرک ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ حادثے کے وقت تینوں بچے اسکول یونیفارم میں تھے۔
تینوں بچے رزاق آباد دھنی بخش گوٹھ کے رہائشی تھے۔ جاں بحق بچوں میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔