مندر میں تقریب کے دوران کرین ہجوم کے اوپر گر گئی، 4 افراد ہلاک

بچی سمیت 9 لوگ شدید زخمی

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے مندر میں تقریب کے دوران کرین لوگوں کے اوپر گر گئی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب رانی پت کے علاقے میں دروپتی مندر میں پیش آیا جس میں ایک بچی سمیت تقریباً 9 لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایک نجی ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے، حادثے کے وقت کرین کے آس پاس 1500 کے قریب ہندو یاتری موجود تھے۔

حادثے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ایک منٹ اور چند سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس کرین کے ذریعے مورتیاں منتقل کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ کچھ لوگ بھی لٹکے ہوئے ہیں۔ چند سیکنڈ بعد ہی کرین اچانک ایک طرف کو اُلٹ جاتی ہے اور اس کا اگلا حصہ لوگوں کے اوپر جا گِرتا ہے۔

رانی پت کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپا ستیان کا کہنا ہے کہ کرین کا اگلا حصہ زیادہ بلند نہیں تھا بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ نیچے زمین کچی اور نرم ہونے کی وجہ سے کرین اپنا توازن کھو بیٹھی، تاہم مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

دوسری طرف رانی پت کے کلکٹر بھسکرا پندیان کا کہنا ہے کہ کرین آپریٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے موقع پر پرائیویٹ کرین استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

tamil nadu

INDIAN CRANE COLLAPSE

INDIAN TEMPLE

Tabool ads will show in this div