افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں کوئی دلچسپی نہیں، نجم سیٹھی
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ اس سیریز کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد شارجہ میں افغان ٹیم سے 3 ٹی 20 میچز کھیلیں گے، افغانستان کیخلاف سیریز حکومتی اجازت سے مشروط ہے، میری ذاتی رائے ہے کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کی کوچنگ کا باب ابھی بند نہیں ہوا، مکی آرتھر ہمیں جلد جوائن کریں گے،ابھی ان کے کچھ مسائل ہیں، مکی آرتھر کو کہا ہے آپ اپنی ٹیم بنائیں۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ ایشیاء کپ کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ میں بات ہوگی۔ پی سی بی آئین کے تحت کپتان، نائب کپتان اورچیف سلیکٹر بنانا میراختیار ہے، اگرمیں نے نائب کپتان لگایا تو یہ نہیں کہا کہ اسے کھلائیں، شان مسعود کو نہ کھلانا مینجمنٹ کا اور نائب کپتان لگانا میرا رائٹ تھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ چیف سلیکٹر اتنا تگڑا ہونا چاہئے کہ میں کچھ کہوں تو وہ مزاحمت کرے، میچ فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے، جب میں گیا تھا ایک کھلاڑی کی پینلٹی چل رہی تھی، میرے جاتے ہی اُس کھلاڑی کو کھلایا گیا۔