سعودی عرب جانے والے دو مسافروں سے ایک لاکھ 60 ہزار سعودی ریال بر آمد
سعودی عرب جانے والے دو مسافروں کے قبضے سے ایک لاکھ 60 ہزار سعودی ریال برآمد کرلئے گئے۔
پاکستان کسٹمز نے پہلی کارروائی کراچی ائرپورٹ پر کی اور ایک مسافر سے ایک لاکھ سعودی ریال برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق حسن گل نامی ملزم کراچی سے سعودی عرب جارہا تھا، اور اس نے اپنے بیگ میں بڑی مہارت کے ساتھ سعودی عرب چھپا رکھے تھے۔ تاہم کسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ ایک لاکھ سعودی ریال 27 ہزار امریکی ڈالرز کے مساوی بنتے ہیں، ملزم حسن گل کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مزید کارروائی جاری ہے۔
کسٹمز ایک اور کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر غیرملکی کرنسی بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
حکام کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شارجہ جانے والے مسافر سے 60 ہزار سعودی ریال برآمد کیے گئے، جو 16 ہزار 335 ڈالر کے برابر ہے، جب کہ قانون کے مطابق مسافر کو صرف 5 ہزار ڈالر لے کر جانے کی اجازت ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت لائب علی کے نام سے ہوئی ہے، جس نے سعودی ریال مسافر بیگ میں چھپا رکھے تھے، کسٹم حکام نے ریال قبضے میں لے کر مسافر کو سفر سے روک دیا۔