کسی نے میری بائیوپک بنائی تو عدالت جاؤں گا، شعیب اختر کا اعلان
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
شعیب اختر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کی تیز رفتار بولنگ کی وجہ سے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
شعیب اختر پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کا اعلان چند ماہ قبل کیا گیا تھا تاہم اب انہوں نے خود ہی اس فلم سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی تیاری کا اعلان شعیب اختر نے خود اپنی ٹوئٹ میں کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں شعیب اختر نے کہا کہ ’انتہائی دکھ کے ساتھ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ کافی سوچ بچار کے بعد میں نے فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شعیب اختر نے مزید لکھا کہ ’میں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد فلم کے معاہدے ختم کرکے خود کو فلم اور میکرز سے الگ کرلیا ہے۔ یقیناً یہ ایک ڈریم پروجیکٹ تھا اور میں نے اسے پورا کرنے کی پوری کوشش کی۔ لیکن بدقسمتی سے معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مجھے فلم کا معاہدہ درمیان میں ہی منسوخ کرنا پڑا۔
راولپنڈی ایکسپریس کا مزید کہنا تھا کہ اگر پروڈیوسرز معاہدے کی منسوخی کے بعد بھی میری بائیوپک بنائی اور میرا نام استعمال کیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔