پڑوسیوں کے کتے کو کتا کہنے پر 62 سالہ شخص قتل
پڑوسیوں نے اپنے پالتو کتے کو ”کتا“ کہنے پر 62 سالہ شخص کی جان لے لی۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع ڈنڈیگل میں جمعرات کو ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں پڑوسیوں نے اپنے پالتو کتے کو کتا کہنے پر 62 سالہ شخص کو بیدردی سے قتل کردیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب 62 سالہ رائپن نے اپنے پوتے کو قریب واقع کھیت پر پانی کی موٹر بند کرنے کیلئے بھیجا اور کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک لاٹھی بھی لے جائے کیونکہ پڑوسیوں کا کتا آس پاس گھوم رہا ہے۔
یہ بات اسکے پڑوسیوں نرملا اور اسکے بیٹوں ڈینیئل اور ونسینٹ نے بھی سن لی اور غصے سے آگ بگولہ ہوکر لڑنے پہنچ گئے، ڈینیئل نے رائپن کے سینے میں گھونسا مارا جس سے وہ گر کر موقع پر ہی دم توڑ گیا جس کے بعد تینوں ماں بیٹے وہاں سے فرار ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث خاتون اور اسکے دونوں بیٹوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔