اسپیکر پنجاب اسمبلی نے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر گورنر کو خط لکھ دیا
پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر پنجاب کو خط لکھ دیا۔ کاپی صدر ملکت ڈاکٹرعارف علوی کو بھی بھیج دی۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کی شق 3 کے تحت گورنر نے اسمبلی تحلیل کے فوری بعد الیکشن کی تاریخ کا تقرر کرنا تھا۔ آپ نے 7 دن گزرنے کے باوجود پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے خط میں مزید لکھا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان آئینی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔ اس سے قبل پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف عثمان بزدار بھی گورنر پنجاب کو خط لکھ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں سینئرصحافیوں سے ملاقات میں بھی چیئرمین تحریک انصاف نے کہا تھا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اسمبلی تحلیل کے بعد بھیجی گئی ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی کی خلاف ورزی کی۔ گورنر پنجاب کے اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔