ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء: پاکستان اور بھارت کا میچ فلوریڈا میں ہوگا؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچز کیلئے امریکا کے 3 شہروں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی ایک میچ فلوریڈا میں ہونے کا امکان ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے 2024ء ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کیلئے امریکا کے تین شہروں فلوریڈا، لاس اینجلس اورآکلینڈ کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ امریکا کے شہر فلوریڈا میں کرائے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے وفد نے دسمبر میں امریکا کے مختلف شہروں میں سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس حوالے سے یو ایس اے کرکٹ کے صدر اتل رائے نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو امریکا میں شائقین کی بہت سپورٹ ہے، ویسٹ انڈیز کے بجائے امریکا میں باکس آفس میچ ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے جون 2024ء میں ہونیوالے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ میزبان ہیں۔