ملک بھر میں شدید سردی،کراچی میں آج تیز ہوائیں چلیں گی
پاکستان بھر میں شمال سے جنوب اور مغرب سے مشرق تک سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، جہاں کہیں پارہ منفی 7 تو کہیں برف باری اور تیز سرد ہواؤں نے شہریوں کی قلفی جما دی۔ میٹ آفس کے مطابق کراچی میں آج 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مزید سرد ہوائیں چلیں گی۔
آزاد کشمیر میں برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں راستوں کی بندش سے ٹریفک کی آمدورفت رک گئی۔
مری میں برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا مگر سردی کی شدت برقرار ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے سردی میں اضافہ کردیا ہے۔
کراچی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بروز جمعہ 20 جنوری کو 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں آج دن میں بھی تیز ہوائیں چلیں گی، جس کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں ایک بار پھربارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم ، لیپہ، کرناہ ، پیر چناسی میں آسمان سے روئی کے گالے برس رہے ہیں۔ برفباری کے بعد راستوں کی بندش سے بالائی علاقوں میں لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
ضلع باغ حویلی اور راولاکوٹ کے بلند علاقوں میں بھی برفباری نے مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا، جب کہ لکڑی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مظفرآباد میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 2 روز جاری رہنے کا امکان ہے۔
مری
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، تاہم سردی کی شدت کم نہ ہوئی۔ مری میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب / لاہور
پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے سردی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے بعد سردی نے شدت پکڑ لی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں رات بھر بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا، جس سے دھند کا خاتمہ ہوگیا اور موسم مزيد سرد ہوگيا۔
میٹ آفس کے مطابق آج دن بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر کا صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 10ڈگری سينٹی گريڈ ریکارڈ کیا گیا، جو مزید کم ہو کر 7 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
جب کہ آج کوالٹی انڈیکس کی موصول رپورٹ کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ٹاپ 10 سے نکل گیا۔
چمن
چمن ميں بارش اور پہاڑی علاقوں پر برفباری سے موسم مزيد سرد ہوگيا، جب کہ کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق شاہراہ سے برف ہٹانے کا آپریشن جاری ہے۔
شہر میں رات سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔ قلعہ عبداللہ اور گلستان سمیت کئی علاقوں میں بھی برفباری جاری۔ توبہ اچکزئی کے تمام علاقوں میں کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے۔
بلوچستان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ 20 جنوری کو بلوچستان کے بالائی شمالی علاقوں میں بھی بارش و برفباری کا امکان ہے۔
آج کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ، تربت میں میں درجہ حرارت 9 ، سبی میں 4 اور گوادر میں11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔