لاہور میں 10 خطرناک گینگز کی موجودگی کا انکشاف
لاہور میں منظم ڈکیت گروہوں کی وارداتیں شدت اختیار کرگئیں۔
نئے سال کے ابتدائی 18 دنوں ڈاکوؤں نے راہ گیر چھوڑے نہ تاجر، یہاں تک کہ گھروں میں بیٹھے شہری بھی محفوظ نہ رہے۔ شہر میں مزید 10 ڈکیت گینگز کی کارروائیاں منظرعام پر آگئیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز سے 10 خطرناک گینگز کی نشاندہی تو ہو گئی لیکن ایک بھی نہ پکڑا جاسکا۔ اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں رواں سال ایک شخص قتل اور 7 شہری زخمی ہو چکے۔
لاہور کے علاقے کاہنہ میں 4 بڑی وارداتوں نے پولیس کے دعووں کی قلعی کھول دی جبکہ ڈیفنس اور چوہنگ میں پراپرٹی ڈیلرز کے دفاتر لٹتے رہے اور پولیس خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی۔
پولیس لاہور میں متحرک گینگز کی حتمی تعداد کا تعین تو نا کر سکی لیکن یہ دعوی کر ڈالا کہ ملحقہ شہروں سے آپریٹ کرنے والے گروہ شہر میں اودھم مچا رہے ہیں۔ جنوری میں ایک دن میں سب سے زیادہ 300 وارداتیں ریکارڈ کا حصہ بن چکی ہیں۔