یوسین بولٹ کے اکاؤنٹ سے ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالر غائب

دنیا کے تیز ترین انسان نے سرمایہ کار کمپنی میں اکاؤنٹ کھولا تھا

دنیا کے تیز ترین انسان اور 8 بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ یوسین بولٹ کے ایک سرمایہ کاری اکاؤنٹ سے ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالرز غائب ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمیکا سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے ایک سرمایہ کار کمپنی میں کھولے گئے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالرز سے زائد رکھے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایتھلیٹ کے وکلاء نے بتایا کہ یوسین کا اکاؤنٹ ایک کمپنی اسٹاکس اینڈ سیکیورٹیز میں کھولا گیا تھا، انہیں حال ہی میں بتایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں محض 12 ہزار ڈالرز باقی رہ گئے ہیں۔ جمیکن اسٹار ایتھلیٹ نے یہ اکاؤنٹ ریٹائرمنٹ اور سیونگز کیلئے کھولا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمیکا کے فنانشنل سروسز کمیشن نے 18 جنوری کو بتایا کہ اسٹاکس اینڈ سیکیورٹیز میں مبینہ فراڈ کی رپورٹس سن کر معاملے کی جانچ پڑتال کیلئے ایک آڈیٹر کو تعینات کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسٹاکس اینڈ سیکیورٹیز کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم اس کی ویب سائٹ پر ایک بیان موجود ہے جس میں کہا گیا کہ ہم صارفین کی پریشانی کو سمجھتے ہیں اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

کمپنی کے مطابق فراڈ کا انکشاف جنوری کے شروع میں ہوا تھا اور ممکنہ طور پر یوسین بولٹ کے علاوہ بھی متعدد صارفین کے کروڑوں ڈالرز غائب ہوسکتے ہیں۔ یوسین بولٹ کے وکلاء نے بتایا کہ حکام کی جانب سے ابھی ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا، اگر گم ہونے والی رقم 8 دن کے اندر واپس نہیں ملتی تو یہ معاملہ عدالت میں لے جایا جائے گا۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ 2017ء میں ریٹائر ہوگئے تھے، انہوں نے 2008ء سے 2016ء کے دوران 3 اولمپک گیمز میں 8 گولڈ میڈل جیتے، وہ کئی ریکارڈز کے مالک ہیں۔

Usain Bolt

jamica

INVESTMENT FRAUD

Tabool ads will show in this div