خسارہ کم کرنے کیلئے ٹوئٹر کی قیمتی اشیاء نیلامی کیلئے پیش
ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خسارے سے نکالنے کیلئے کمپنی کی قیمتی اشیاء کی نیلامی شروع کردی۔
سان فرانسسکو میں بدھ کو 24 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی ایک آن لائن نیلامی میں ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹر سے فرنیچر، سجاوٹ اور باورچی خانے کا سامان اور بہت کچھ نیلام کیا گیا، نیلامی کیلئے پیش کی گئی اشیاء میں ٹویٹر کا تاریخی برڈ لوگو بھی شامل تھا جو 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔
اس کے علاوہ دفتر کی کافی مشین، پیزا اوون، پرنٹنگ کا سامان، صوفے بھی نیلامی کے لیے پیش کیے گئے۔
گزشتہ سال نومبر میں ایلون مسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا تھا کہ کمپنی مالی نقصان میں جارہی ہے، ہوسکتا ہے کہ ٹوئٹر بینک کرپٹ ہوجائے، دوسری جانب گزشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر سان فرانسسکو کے دفتر کا کرایہ نہ دینے پر مقدمہ کیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے دسمبر میں کہا تھا کہ انہوں نے اخراجات میں کمی کرکے کمپنی کی سنگین مالی حالت کو ٹھیک کر دیا ہے، ٹویٹر کو خریدنے کے چند ہی ہفتوں بعد مسک نے7,500 ملازمین میں سے تقریباً نصف کو برطرف کر دیا تھا۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد سے ”پاگلوں کی طرح اخراجات کم کر رہے ہیں“۔ ایلون مسک کے مطابق ان کی حکمت عملی آمدنی کو بڑھاتے ہوئے اخراجات کو بڑے پیمانے پر کم کرنا ہے اور اسی مقصد کیلئے انہوں نے بلیوٹک کی سبسکرپشن فیس بھی مقرر کی ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے ٹویٹر افراتفری کا شکار ہے جہاں بڑے پیمانے پر چھانٹیاں، ممنوعہ اکاؤنٹس کی بحالی سمیت نسل پرستانہ یا نفرت انگیز ٹویٹس میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔