افغان طالبان ٹویٹر بلیو ٹک کےلیے ایلون مسک کے شکر گزار
طالبان نے ٹوئٹر کے تصدیقی فیچر بلیو ٹک کے استعمال کے لیے ادائیگیوں کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے بعد اب کچھ طالبان رہنماؤں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بلیو ٹک موجود ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں اب تک کم از کم دو طالبان رہنما اور ان کے چار حامی اکاؤنٹس بلیو ٹک کا استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلیو ٹک حاصل کرنے والوں میں طالبان حکومت میں شعبہ برائے ’معلومات تک رسائی‘ کے سربراہ ہدایت اللہ ہدایت کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔
ہدایت اللہ ہدایت کے اکاؤنٹ کے ایک لاکھ 87 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور وہ طالبان انتظامیہ سے متعلق تمام معلومات باقاعدگی سے پوسٹ کرتے ہیں۔
افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات وثقافت میں میڈیا واچ ڈاگ کے سربراہ عبدالحق حماد کے اکاؤنٹ پر بھی بلیو ٹِک ہے جن کے فالوورز کی تعداد ایک لکھ 70 ہزار ہے۔ دوسری جانب طالبان کے نامور حامیوں نے بھی بلیو ٹک حاصل کر لیا ہے۔
طالبان اہلکار کے طور پر پہچانے جانے والے محمد جلال نے پیر کے روز اپنی پوسٹ میں ایلون مسک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایلون مسک ٹوئٹر کو دوبارہ سے عظیم بنا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر پر صارفین کے تصدیقی اکاونٹ لیے پیڈ سروس دسمبر 2022 میں متعارف کرائی گئی تھی جس کے تحت بلیو ٹک کے خواہشمند افراد کو آٹھ ڈالر ماہانہ ادا کرنے ہوں گے جبکہ ایپل ڈیوائسز پر ٹوئٹر ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے فیس 11 ڈالر ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔