ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کیا ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہے، دہشت گرد اور جمہوریت دشمن عناصر بےنقاب ہورہے ہیں، کچھ جگہوں پرکیمپس کو بھی جلایا گیا جوافسوس ناک ہے، واشنگ مشین سے دھلے ہوئے یہ نامعلوم افراد نہیں ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پارٹیوں میں وصیت کے نام پر قیادت چل رہی ہے، بنیادی جمہوریت کےحوالے سے آخری دن تک کنفیوژن کا شکار رکھا جاتا ہے، کل رات تک کوشش کی گئی بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکیں، اگرنمائندگی نہیں دی تو یہی حالات اور مسائل ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے انتخابات سےفراراختیار کیا ہے، ایم کیو ایم میں اگر جان ہوتی توبائیکاٹ نہ کرتی۔ایم کیوایم والوں سے کہتا ہوں وقت ہے ابھی آجائیں اور کیمپ لگالیں۔