’’سیاست میں کبھی کوئی مائنس نہیں ہوتا‘‘
پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے سینیر رہنما اور وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سیاست میں کبھی کوئی مائنس نہیں ہوتا، لوگ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے مائنس ہوتے ہیں۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، سیاست میں کبھی کوئی مائنس نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مسئلہ معاشی بحران کا حل نکالنا ہے، میثاق معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمارے ساتھ جو ہوا وہ دوسروں کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، اب سب کچھ بھلا کر آگے بڑھنے کا وقت ہے۔
دیگر سیاسی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک اور عوام کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، عوام کی بہتری کیلئے اداروں اور سیاستدانوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔