نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں نسیم شاہ نے نیا ریکارڈ بنادیا
نسیم شاہ 4 ون ڈے کھیل کر 15 وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بن گئے۔
فاسٹ بالر نسیم شاہ نے پیر کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی وہ اپنے کیریئر کے پہلے چار ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے آسٹریلیا کے ریان ہیرس اور گیری گلمور کا 4 میچز میں 14 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
نسیم شاہ نے 16 اگست 2022 کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنا ODI ڈیبیو کیا تھا، وہ اب تک چار ون ڈے میچز میں 15 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ نسیم شاہ کا ون ڈے میں لگاتار دوسرا فائفر ہے، انہوں نے 21 اگست 2022 کو روٹرڈیم میں ہالینڈ کے خلاف تیسرے میچ کے دوران بھی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران پاکستان کے پاس دنیا کی نمبر ایک ون ڈے ٹیم بننے کا موقع ہے۔ اگر پاکستان تین میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 3-0 سے وائٹ واش کرتا ہے تو وہ 114 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ جائے گا۔