پی آئی اے کی پرواز پر پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کی تلخ کلامی
پی آئی اے کی ایک اور پرواز پر پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی ہوگئی۔
کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز 368 پر پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اور اس حوالے سے مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی بھی ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جانے والے مسافروں کو پانی نہ ہونے کے باعث دوران چائے، کافی یا گرم مشروبات بھی فراہم نہیں کئے گئے، جب کہ باتھ روم کے لئے منرل واٹر کی بوتلیں دی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جہاز کے تمام باتھ روم سمیت اشیائے خورونوش کی تیاری کی جگہ پربھی پانی موجود نہیں تھا، جب کہ پانی کی عدم موجودگی کے باوجود طیارے کا سسٹم جہاز پر 100 فیصد پانی کی موجود گی ظاہرکرتا رہا۔
ذرائع کے مطابق پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جب کہ پرواز پر گورنر سندھ سمیت پارلیمینٹیرینز، رکن پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل بھی ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز پر ابتدائی 3 گھنٹوں کے بعد طیارے میں پانی موجود نہیں تھا۔ جب کہ ترجمان پی آئی اے نے اس حوالے سے پانے موقف سے آگاہ نہیں کیا۔