پنجاب میں شناختی کارڈ کی درستگی کی آڑ میں گاڑیوں کی ملکیت تبدیلی کا انکشاف
محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب میں شناختی کارڈ درستگی کی آڑ میں گاڑیوں کی ملکیت تبدیل کرنے کاانکشاف ہوا ہے۔
محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب میں افسران کی مبینہ ملی بھگت سے شناختی کارڈ کی درستگی کی آڑ میں سیکڑوں گاڑیوں کی ملکیت تبدیلی کا انکشاف ہواہے۔
ڈائریکٹرنعمان خالد کی رپورٹ میں سنگین بے ضابطگیوں کی رپورٹ سما کوموصول ہوگئی ہے، جس کے مطابق گاڑیوں کی ملکیت تبدیلی میں محکمہ ایکسائز کے افسر مبینہ طور پرملوث ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موٹر برانچ جوہرٹاؤن، شاہدرہ اور فرید کورٹ آفس میں سینکڑوں کیس سامنے آئے ہیں، جس میں مبینہ افسران نے شناختی کارڈ کی درستگی کے بہانے گاڑیوں کی ملکیت ہی تبدیل کردی، اور ان جعلسازوں نے تصیح کی آڑ میں شناختی کارڈ نئے درج کر دیئے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ان سنگین بے ضابطگیوں میں ایکسائزانسپکٹر ماسٹر فاروق، اسلم بھٹی، محمد نوید، ایکسائز انسپکٹر ایم آر اے زاہد حسین، محمد ریاض اور ذوالفقار بٹ بھِی ملوث ہیں۔
ڈی جی نے کرپٹ عناصر کو چارج شیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے، اور آڈٹ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے، جب کہ بے ضابطگیوں میں ملوث19 افسرکیخلاف مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔