عمران اشرف کی طلاق کے بعد مشکل وقت میں دعاؤں کی درخواست
اداکار عمران اشرف نے کہا ہے کہ طلاق کے بعد ہم بحیثیت والدین بہت اذیت اور کڑے وقت سے گزر رہے ہیں۔
گزشتہ برس اکتوبر میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے طلاق کی تصدیق کی تھی۔
طلاق کے بعد عمران اشرف کا نجی ٹیلی ویژن کے ٹاک شو پر پہلی بار انٹرویو نشر ہوا جس میں انہوں نے علیحدگی کے بعد اپنے اور اپنے بیٹے پر اس کے اثرات سے متعلق بتایا۔
عمران اشرف کا کہنا تھا کہ ہماری زندگی میں بظاہر سب ٹھیک ہے مگر اس کے باوجود بھی ہم اس وقت مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد میرا بیٹا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ہم اپنے بیٹے کی دیکھ بھال تو کر رہے ہیں، مجھے یہ فکر ہے کہ کہیں میرے بارے میں کوئی متنازع بات نہ پھیلا دی جائے، اور اگر ایسا ہوا میرا بیٹا میرے بارے میں کیا سوچے گا۔
عمران اشرف نے کہا کہ میں ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتا ہوں کہ کوئی ایسی بات نہ کی جائے جس سے بعد میں کسی قسم کا کوئی نقصان پہنچے یا جو اخلاقیات کے خلاف ہو۔
مداحوں سے دعا کی گزارش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم والدین کی حیثیت سے بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، براہ کرم میرے، میرے بیٹے اور کرن کے لیے دعا کریں۔