کیا تیز رفتار چارجنگ سے موبائل کو نقصان پہنچتا ہے؟
عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ موبائل فون کی فاسٹ چارجنگ سے موبائل فون کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ اس تاثر میں کتنی حقیقت ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں تیز رفتار چارجنگ بہت زیادہ مقبول ہوئی ہے، دنیا کے تقریباً تمام ہی موبائل فون بنانے والی کمپنیاں اپنے موبائل فون کے ساتھ تیز ترین چارجنگ پوڈ فراہم کرتی ہیں۔
تیز ترین چارجنگ کی افادیت سے قطع نظر ایک بہت بڑے حلقے کی جانب سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ تیز چارجنگ سے اسمارٹ فون خاص طور پر بیٹریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین تیز چارجنگ سے موبائل فون کے نقصان کا خدشہ رد کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صحیح طریقے سے فاسٹ چارجر کا استعمال موبائل کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر تیز چارجنگ سسٹمز خود بخود چارجنگ کی شرح کو ایڈجسٹ کرنے کی خوبی کے حامل ہوتے ہیں، اس سے موبائل فون کے گر م ہونے اور بیٹری کو نقصان سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔
مزید برآں، بہت سے تیز چارجنگ سسٹمز میں درجہ حرارت کے سینسر بھی ہوتے ہیں جو موبائل فون کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے کے لیے چارجنگ کی شرح کو مزید منظم کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہن اہے کہ تیز چارجنگ سے موبائل فون صارف کا بہت وقت بچالیتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ یہ آپ کے اسمارٹ فون کو چارج کرنے کا سب سے موثر طریقہ ہو۔
ضروری نہیں کہ تیز چارجنگ آپ کے فون کی بیٹری کے لیے نقصان دہ ہو، جب تک کہ اسے صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے۔
کم وولٹیج چارجر استعمال کرنے سے بیٹری کی عمر بڑھ سکتی ہے لیکن جب تک آپ فاسٹ چارجنگ سسٹمز کو صحیح طریقے سے استعمال کرتے ہیں، اس وقت تک آپ فون کی بیٹری خراب ہونے کی فکر نہ کریں۔
موبائل چارجنگ کا بہتر طریقہ
موبائل کو چارج کرنے سے پہلے چارجر کو اچھی طرح دیکھ لیں کہ وہ آپ کے فون کو سپورٹ کرتا بھی ہے یا نہیں۔
کوشش کیجیے کہ موبائل فون چارج کرتے وقت اپنا موبائل فون مکمل بند کردیں یا پھر کم ازکم وائی فائی، بلیو ٹوتھ اور اس طرح کے دیگر فیچرز بند کردیں۔
چارجنگ کے دوران اسمارٹ فون استعمال کرنے سے گریز کیجیے کیونکہ اس سے ناصرف چارجنگ سست ہوگی بلکہ آپ کا موبائل فون خراب بھی ہوسکتا ہے۔
موبائل فون کو بار بار تھوڑے تھوڑے وقت کے لیے چارج پر نہ لگائیں۔
ایئر پلین موڈ آن کرنے سے آپ کا موبائل نیٹ ورک سے رابطہ ختم ہوجاتا ہے، اس سے بیٹری کم استعمال ہوتی ہے اور چارجنگ کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔