کراچی میں 15جنوری کو الیکشن، 16 کو جیالا میئر ہوگا، بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دہشت گردوں کو جیل سے نکالا، پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشت گردی ختم کرکے رہیں گے، کراچی میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات اور 16 جنوری کو جیالا میئر ہوگا۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ نئے سال کا جشن کراچی والوں کے ساتھ منانا ہے، امید ہے کہ یہ شہر رات12 بجے باہر نکلے گا اور نئے سال کا استقبال کرے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک سال میں پیپلزپارٹی نے وہ کام کر کے دکھایا جو وعدہ کیا تھا، عدم اعتماد سے ایک شخص کو گھر بھیجا گیا، یہ عوام کی جیت ہے، آپ نے ہی اس سلیکٹڈ، کٹھ پتلی اور نالائق کا بندوبست کیا، 6 مہینے گزرنے کے بعد بھی بنی گالہ سے چیخوں کی آوازیں آرہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست نےجمہوریت اورسیاست کونقصان پہنچایا، پیپلزپارٹی نےماضی میں بھی ملک کوبچایا،مستقبل میں بھی بچائیں گے، جب بھی مقابلہ ہوگا، جیت سچ کی اور شکست جھوٹ کی ہوگی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ کراچی کسی ایک جماعت اور زبان بولنے والوں کا ہے، لیکن پیپلزپارٹی کہتی ہے یہ شہر ہرزبان بولنے والوں کا ہے، مراد علی شاہ نے کراچی کے لیے جتنا کام کیا، کوئی وزیراعلیٰ ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمارا وزیراعلیٰ پورے سندھ کا وزیراعلیٰ ہے، کراچی کاوزیراعلیٰ ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ استعفے دینے والوں کے استعفے منظور نہیں ہو رہے، ان کا لیاری کا رکن کہتا ہےاسمبلی نہیں چھوڑنی، تو ایک طرف عمران خان کہتا ہے استعفے منظور کرو، دوسری طرف ان کے درجنوں اراکین کہتے ہیں ہمارے استعفے منظور نہ کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں 15 جنوری کو الیکشن ہوں گے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم ہوا ہو گا کہ کتنی بار کراچی کے بلدیاتی الیکشن ہوتے ہوتے رہ گئے، یہ کہتے ہیں ہم الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، اصل میں یہ بھاگ رہےہیں۔