بھارتی فراڈیوں نے امریکی شہریوں کو 10 ارب ڈالر کا چونا لگادیا
بھارتی فراڈیوں نے امریکی شہریوں کو 10 ارب ڈالر کا چونا لگادیا۔
امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کے مطابق بھارتی فراڈیوں کے ہاتھوں لُٹنے والوں میں 20 ہزار لوگ شامل ہیں جن میں اکثریت بزرگوں کی ہے جنہیں گزشتہ دو سالوں میں اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
بھارت کی کال سینٹر انڈسٹری کے سائے میں یہ منظم فراڈ کیا گیا جسے ایف بی آئی نے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے بے نقاب کیا ہے، اس مشن کی نگرانی نئی دہلی میں موجود امریکی سفارتخانے سے کی گئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق امریکی شہریوں کو 2022 میں بھارت سے کام کرنے والے فشنگ گینگز اور دھوکہ بازوں سے 10 بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔
ہندوستان میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے والے دھوکے باز امریکہ میں مقیم لوگوں کو خاص طور پر بزرگ شہریوں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے کے بہانے نشانہ بنا رہے ہیں۔
امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے بھارتی ٹھگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں متعدد افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
اس ماہ کے شروع میں دہلی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جو دارالحکومت میں غیر قانونی کال سینٹرز چلا رہے تھے۔ ان کے ایک ساتھی کو کینیڈا جبکہ دوسرے کو نیو جرسی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دہلی میں امریکی سفارت خانے سے منسلک اہلکار سہیل داؤد نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ رومانس سے متعلق دھوکہ دہی میں اس سال امریکیوں کیساتھ 8,000 کروڑ روپے کا فراڈ کیا گیا۔