سلمان خان کے باڈی گارڈ کے بیٹے کی بھی بالی ووڈ میں انٹری
بالی ووڈ کے دبنگ خان اب اپنی نئی فلم میں باڈی گارڈ کے بیٹے کو متعارف کرارہے ہیں۔
سلمان خان بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جن کے سر شوبز انڈسٹری میں کئی نئے اداکار متعارف کرانے کا سہرا جاتا ہے۔
سلمان خان کی جانب سے متعارف کئے گئے ان ستاروں میں سوناکشی سنہا، زرین خان اور سورج پنچولی جیسے ستارے شامل ہیں۔
بالی ووڈ کے دبنگ خان کہے جانے والے سپر اسٹار اب اپنے ہی باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے عبیر عرف ٹائیگر کو بڑی اسکرین پر لانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔
سلمان نے عبیر کے مد مقابل اداکارہ کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔ تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں ہوا۔
سلمان نے اپنی فلم ’’تیرے نام‘‘ کے ڈائریکٹر ستیش کوشک سے درخواست کی ہے کہ وہ عبیر کی لانچ فلم کی ہدایت کاری کریں۔ یہی نہیں فلم کا سکرپٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے اور اس کی شوٹنگ 2023 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
عبیر سنگھ عرف ٹائیگر کو بھی سلمان خان ہی کی طرح فٹنس کا شوق ہے۔ عبیر نے سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم سلطان میں ڈائریکٹر کے معاون کے طور پر ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔