توقع ہے پرویزالہیٰ کو آج ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا، راناثنااللہ
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ گورنر کو آئینی اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرے، توقع ہے کہ پرویزالہیٰ کو آج ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شام 4 بجےاجلاس نہ بلانے کے بعد پرویزالہیٰ وزیراعلیٰ نہیں رہے، اب نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے، اُس کے شیڈول کا بھی اعلان ہو جائے گا۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی سیاسی بحران نہیں ہے، گورنر کو آئینی اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرے، آئینی تقاضے پورے نہ ہونے پر گورنر وفاق کو خط لکھ سکتے ہیں، گورنر کے خلاف بے تکی اور آوارہ باتیں کی جارہی ہیں، وزیراعظم کی ایڈوائس کے بغیر صدر اپنے ماتھے پر بیٹھی مکھی نہیں ہٹاسکتا، گورنر پنجاب کو ہٹانا تو بہت دور کی بات ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کیلئے نام کا اعلان پارٹی مشاورت سے ہوگا، گورنرکی طرف سے نوٹیفکیشن صرف ایک رسمی کارروائی ہے، جیسے ہی وہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا اس پر عملدرآمد ہو جائے گا، اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر پرویزالہیٰ اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے، توقع ہے کہ پرویزالہیٰ کو آج ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی انا اور ضد پر اسمبلیاں توڑنا چاہتا ہے، ہم کوئی الیکشن سے فرار نہیں ہورہے، ہم نےالیکشن کی تیاری کررکھی ہے، اور نوازشریف کےاستقبال کی بھی تیاریاں جاری ہیں۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی آڈیو لیکس اصلی ہیں، پی ٹی آئی چاہے تو فرانزک کرا دیں گے، آئینی پوزیشن پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے، عمران خان کی گرفتاری کے امکانات بھی موجود ہیں۔