’’عمران خان ہماری تاریخ کا افسوسناک کردار ہے‘‘
وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ عمران خان ہماری تاریخ کا افسوسناک کردار ہے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں 33 دہشت گرد قید تھے۔ ایک دہشت گرد نے بیت الخلاء جانے کے بہانہ کیا اور ایک سپاہی کو قتل کردیا۔ دہشت گرد نے اس کا اسلحہ قبضے میں کرلیا اور باقی دہشتگردوں کو بھی رہا کرا لیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی پوری حکومت زمان پارک میں بیٹھی ہے اور صوبے میں کوئی والی وارث نہیں ہے، سی ٹی ڈی کے بجائے فوج نے معاملات ہاتھ میں لے لئے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان ہماری تاریخ کا افسوسناک کردار ہے، اس وقت وہ بڑی عجیب حالت میں ہیں، وہ اپنے محسنوں کو گالیاں دیتے ہیں، ان کے پیروں تلے سے زمین کھسک رہی ہے۔قانون کا گھیرا عمران خان کے گرد تنگ ہورہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان محسن کش شخص ہے، آپ حکومت یا اقتدار نہیں سنبھال سکے تو جنرل رہٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا کیا قصور ہے۔ عمران خان اس وقت بھی چاہتے ہیں ملک زخمی حالت میں رہے، ان کے ارادے ہیں کہ ان کی حکومت رہے تو ملک رہے ورنہ بھاڑ میں جائے۔