ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنی پروڈکشن بند کردی
پاکستان میں ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ نے 10 دنوں کیلئے اپنا پروڈکشن پلانٹ مکمل طور پر بند کر دیا۔ ایس ای سی پی کو آگاہ کردیا گیا۔
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی نے پیر کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف کمیشن کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ کمپنی 10 روز کیلئے اپنا پروڈکشن پلانٹ مکمل طور پر بند کررہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے متعارف کرائے گئے طریقۂ کار کے تحت آٹو انڈسٹری کو بیرون ملک سے ’کمپلیٹلی ناک ڈاؤن‘ کٹس اور کاروں کی دیگر اشیاء درآمد کرنے کیلئے پیشگی اجازت لینے کیلئے کہا گیا تھا۔
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی طرف سے مزید کہا گیا کہ اجازت ملنے میں تاخیر کے سبب کمپنی کو کاریں بنانے کیلئے ضروری اشیاء درآمد کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان کی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے سبب وہ کاروں کی پروڈکشن کا عمل جاری نہیں رکھ سکتے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کی روشنی میں کمپنی نے 20 دسمبر سے 30 دسمبر 2022ء تک اپنا پروڈکشن پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔