صدر عارف علوی سے اسحاق ڈار اور شیخ رشید کی ملاقات
صدرمملکت عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد پنجاب اسمبلی کے حوالے سے فریقین میں بے چینی پائی جاتی ہے، اپوزیشن اور صوبائی حکومت نے اپنے اراکین سے روابط بڑھا دیئے ہیں، اور ملاقاتوں کے دور بھی چل رہے ہیں۔
دوسری جانب ملکی سیاست کی تین بڑی جماعتوں کی قیادت میں مذاکرات اور پیغامات کے تبادلے میں صدر مملکت عارف علوی اہم کردار ادا کررہے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے اسحاق ڈار صدر مملکت سے متعدد بار ملاقات کرچکے ہیں، جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایوان صدر سے روابط جاری ہیں۔
آج بھی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے حکومت کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب صدر عارف علوی سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی ملاقات کی، جس میں قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت سے شیخ رشید کی ملاقات 45 منٹ جاری رہی، جس میں جلد انتخابات کا مطالبہ اور اسمبلیوں کی تحلیل سمیت تمام سیاسی امور زیر بحث آئے۔
شیخ رشید نے صدر مملکت کو موجودہ سیاسی بحران میں مؤثر کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک سیاسی بے یقینی کا شکار ہے، اور آپ سربراہ مملکت پیں، آپ آئینی کردار ادا کریں۔
ملاقات کے بعد سماء سے خصوصی بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی سے ملاقات میری درخواست پر ہوئی، وقت کا تقاضا ہے کہ صدر مملکت ملکی استحکام کے لئے اپنا کردار جاری رکھیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صدرر مملکت موجودہ سیاسی بحران حل کرانے میں انتہائی سنجیدہ ہیں، اور ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ سیاسی جماعتیں مفاہمت کے ساتھ قومی امور آگے بڑھائیں۔