560 سے زائد سیٹوں پر انتخابات ملکی سیاست کے در و دیوار ہلا دیں گے، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 560 سے زائد سیٹوں پر انتخابات ملک کی سیاست کے در و دیوار ہلا دیں گے، جو کہتے تھے وہ اسمبلیاں نہیں توڑے گا اُن کو منہ کی کھانی پڑی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی حالت پر رحم کرے، رکاوٹیں مت کھڑی کرے، اور نوازشریف کو نیو ائیر نائٹ لندن میں منانے کے لئے بلائے، اور بیماری کا بہانہ ختم کرکے پاکستان آئیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا میں پی ٹی آئی کی دوتہائی اکثریت ہے، جب کہ پنجاب میں سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، اس لیے اسمبلیوں میں نہ ہی تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے، اور نہ ہی گورنر راج لگ سکتا ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ قوم الیکشن کی تیاری کرے، 560 سے زائد سیٹوں پرانتخابات ملک کی سیاست کے در و دیوار ہلا دیں گے، اور جو کہتے تھے کہ عمران خان اسمبلیاں نہیں توڑے گا اُن کو منہ کی کھانی پڑگئی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اکیلے عمران خان نے سارے سیاست دانوں کو چت کر دیا، جو خود کو گرو سمجھتے تھے اور جوعمران خان کو دیوار کے ساتھ لگانا چاہتے تھے وہی دیوار اُن پر گر گئی ہے، الیکشن میں ہر رکاوٹ حکومت کے گلے پڑے گی۔