ڈینگی نے 2022ء میں 142 افراد کی جان لے لی
ملک بھر میں ڈینگی کے رواں سیزن کے دوران 77 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سال 2022ء میں ڈینگی سے 142 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
وفاقی وزارت صحت کی جانب سے ڈینگی سے متعلق جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے رواں سیزن کے دوران 77 ہزار سے زائد کیسز اور 142 اموات رپورٹ ہوئی، سب سے زیادہ اموات سندھ میں 62 ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق شہروں میں کراچی کا پہلا نمبر ہے جہاں سب سے زیادہ 49 افراد ڈینگی سے لقمۂ اجل بن گئے، پنجاب میں 50، خیبرپختونخوا میں 18، بلوچستان میں ایک، اسلام آباد میں ڈینگی کے 11 مریض انتقال کر گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 22 ہزار 931 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے 18 ہزار 953 کیسز سامنے آئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے کیسز چند اسپتالوں سے رپورٹ ہوتے ہیں، زیادہ تر کیسز اور اموات رپورٹ نہیں ہوتیں۔