مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی، وزیرخارجہ
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل میں مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی۔
نیویارک میں سلامتی کونسل کے زیراہتمام عالمی پائیدارامن اور سیکیورٹی کے عنوان سے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع بالادستی کے بجائے برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی تنازع کے فریق ملک دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے، سلامتی کونسل تسلیم شدہ تنازعات کےحل میں مؤثر کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عالمی امن اور متعلقہ مسائل کا حل سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے، انسانی حقوق، دہشتگردی ہو یا موسمیاتی تباہیاں،ہر شعبے میں سلامتی کونسل کا کردار بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، عالمی تعلقات میں انصاف کیلئےاقوام متحدہ پر اہم ذمہ داری عائدہوتی ہے، عالمی سطح پر قیام امن کے ساتھ سماجی اور معاشی ترقی کا چیلنج بھی درپیش ہے۔