حمائمہ ملک نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں کس اداکار کے مشورہ پر عمل کیا؟
فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ (The Legend of Maula Jatt) میں دارو کے کردار کے لیےشان شاہد نے کچھ باتیں بتائیں کہ دارو کے کردار کے لئے کیا مختلف کرنا چاہیے۔
معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے سماء کے پروگرام سپراوور میں شرکت کی ۔ جہاں پاکستان فلمی انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ان کے مشہور کردار دارو کے ساتھ ساتھ فلم کے دیگر پہلووں پر گفتگو کی گئی ۔
شو کے میزبان احمد علی بٹ نے حمائمہ ملک سے سوال کیا کہ کیا آپ کوفلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے پہلی مولا جٹ فلم دیکھنے سے کیوں منع کیا؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ منع تو نہیں مگر کہا تھا کہ مت دیکھنا ورنہ پریشان ہوجاو گی ۔
جس پر احمد نے پھر سوال کیا کہ کیوں کیا وہ فلم پشتو زبان میں تھی ؟
حمائمہ نے جواب دیا کہ نہیں ۔ وہ چاہتے تھے کہ میرا کردار منفرد بنے ، اس میں پرانی مولا جٹ کی جھلک نہ آئے ۔ فلم میں اپنے کردار سے متعلق کہا کہ سارا کچھ انہوں نے خود تیار کیا ہے ۔
میزبان احمد علی بٹ نے فلم میں دارو کے ایک سین کی بھی تعریف کی ۔
جس پر حمائمہ ملک کی جانب سے یہ انکشاف سامنے آیا کہ وہ سین خود بخود ہوگیا انہوں نے اس کے لیے پریکٹس نہیں کی ۔صرف شان کی جانب سے یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ دارو کے کردار میں چلنے کا انداز مردوں والا اختیار کروں کیونکہ دارو مردوں کے خاندان میں واحد مضبوط لڑکی کا کردار تھا جسے چلنے کے انداز اور کندھے اچکاتے ہوئے ظاہر کیا گیا ۔ انہوں نے دارو کی طرح چل کر بھی دکھایا ۔