چمن: افغان فورسز کی گولہ باری سے 6 پاکستانی شہری جاں بحق،17زخمی
بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں سرحد پار افغان فورسز کی جانب سے ایک بار پھر سرحدی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
چمن پولیس کے مطابق افغان فورسز نے پاکستانی سویلین آبادی پر فائرنگ کی اور گولے داغے جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے ہونے والی فائرنگ میں بھاری ہتھیار استعمال کئے گئے۔ پاک فوج نے سرحد پار سے ہونے والی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے کارروائی میں یقینی بنایا کہ عام افغان شہری نشانہ نہ بنیں، معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرنے کیلئے پاکستانی حکام نے کابل میں افغان حکام سے رابطہ کرکے مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کیلئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
افغانستان سے ہونے والی فائرنگ میں بھاری ہتھیار استعمال کئے گئے۔ مارٹر گولہ لگنے سے کپڑے کے ٹریلر میں آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل گیا۔
وزیرداخلہ کا چمن میں سرحد پارسے حملوں پراظہار تشویش
وزیر داخلہ نے چمن میں سرحد پار سے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ رانا ثناءاللہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کو بھرپور معاونت کی درخواست کی۔
راناثناء اللہ کا کہنا ہے افسوسناک واقعے سے متعلق تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 15 نومبر کو بھی چمن میں افغان حدود سے نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے جس کے بعد پاک افغان سرحد کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔
واقعے کے بعد سرحد کو بند کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان افغان ٹرانزٹ تجارت معطل ہوگئی تھی۔