آڈیو لیک پر زلفی بخاری کا بھی جواب آگیا، فارنزک کا مطالبہ کردیا
آڈیو لیک پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری کا جواب بھی آگیا، پی ٹی آئی رہنماء نے آڈیو لیک کی فارنزک کرانے کا مطالبہ کردیا۔ کہا کہ فارنزک کیلئے پیسے اپنی جیب سے دینے کو تیار ہوں۔
زلفی بخاری نے آڈیو لیک معاملے پر ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ عمر ظہور نامی کسی شخص کو فرح گجر کے ذریعے گھڑیاں فروخت کی گئیں، جب ان کو لیگل نوٹس بھیجا تو اب نئی کہانی سامنے آگئی۔
پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے نہ کوئی گھڑی لی اور نہ ہی بیچی، اس طرح کی کٹ، کاپی، پیسٹ آڈیو کالج کے بچے بھی بنا لیتے ہیں، اس کا فارنزک کرایا جائے، پیسے میں اپنی جیب سے دینے کو تیار ہوں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بات کریں تو ہر کام قانون کے مطابق ہوا ہے، جس قیمت پر توشہ خانہ سے تحفے خریدے گئے وہ 20 فیصد رقم تھی۔
پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ جس قیمت پر تحفے خریدنا ہو وہ بتانا اور آگے بیچ دینا، اس میں کوئی غلط نہیں، اگر اس میں عمران خان کا نام نہ ہتو تو یہ کوئی ایشو ہی نہ بنتا۔
انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے حوالے سے 4 سال میں کوئی چیز نہیں ملی تو اس کو ایشو بنایا جارہا ہے۔