اسلام آباد: اتوار بازار میں آگ لگ گئی، کپڑے کے کئی اسٹالز جل گئے

ریسکیو ٹیموں نے 2 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، آپریشن میں 16 فائر بریگیڈز نے حصہ لیا

اسلام آباد کے سستے اتوار بازار میں آگ لگنے سے کپڑے کے کئی اسٹالز جل گئے، فائر بریگیڈ کی 16 گاڑیاں اور ایک درجن سے زائد فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

اسلام آباد کے علاقے ایچ نائن میں پشاور موڑ پر قائم سستے اتوار بازار میں آگ لگنے سے کپڑے کے کئی اسٹالز جل گئے، 16 فائر بریگیڈز اور درجنوں فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

آگ کی شدت بڑھنے کے بعد دیگر علاقوں سے بھی فائر بریگیڈز بلوائی گئیں، آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل تیزی سے بلند ہوتے رہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔

رانا ثناء اللہ نے ضلعی انتظامیہ سے آتشزدگی واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے والے مقام کو آج رات کیلیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، اور وہاں پولیس کے دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہاں سے دکانداروں کا سامان وغیرہ چوری نہ ہو، آگ لگنے سے بازار کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا، جمعہ کو بازار معمول کے مطابق کھلے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔

islamabad fire

Tabool ads will show in this div