’’تم جیتے تو میں تمہاری‘‘، لڈو کی شوقین بھارتی خاتون کی انوکھی شرط
لڈو کی لت میں مبتلا بھارتی خاتون نے پیسے ختم ہونے کے باعث خود کو ہی داؤ پر لگادیا اور شرط ہار گئیں۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے دیو کلی میں واقعہ پیش آیا، جہاں رینو نامی خاتون کو اپنے مالک مکان سے لڈو کھیلنے کی لت لگ گئی تھی، وہ باقاعدہ شرط لگا کر گیم کھیلا کرتی تھی لیکن ایک دن پیسے ختم ہوئے تو خاتون نے خود کو ہی داؤ پر لگادیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رینو کا شوہر راجستھان کے شہر جے پور میں ملازمت کرتا تھا، شوہر کے بھیجے گئے پیسے خاتون لڈو میں شرط لگا کر اڑا دیتی تاہم ایک دن اس کے پاس پیسے ختم ہوگئے، جس کے بعد اس نے اپنے آپ کو داؤ پر لگایا اور بازی ہار گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون نے بعد ازاں پریشان ہوکر اپنے شوہر کو فون کرکے معاملے سے آگاہ کیا، جس کے بعد شوہر فوری طور پر اپنے گھر آیا اور پولیس میں شکایت درج کرادی۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ وہ 6 ماہ قبل ہی نوکری کیلئے جے پور گیا تھا، ان کے دو بچے ہیں لیکن اب چونکہ بیوی شرط ہار گئی اس لئے وہ مکان مالک کے ساتھ قیام پذیر ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس معاملے پر خاتون کے مکان مالک سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔