روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر پٹرول اور ڈیزل فراہم کرے گا، مصدق ملک

وزیر مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے بڑی خوشخبری سنا دی

وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل اور ڈیزل فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دے گا جس پر بات چیت طے ہو گئی ہے جبکہ روس کی طرف سے پاکستان کو ڈیزل بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس جانا اس لئے بہت اہم تھا کیونکہ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ جو کارخانے بند ہو رہے ہیں یہ بند نہیں ہو نے چاہئیں، نوجوان جو گھر سے نکلتے ہیں وہ بے روزگار نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی مفاد اور بین الاقوامی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کو آگے بڑھائیں جس کی ہمیں ضرورت ہے اور یہ معاہدے اسی کا حصہ ہیں، پاکستان کے مفاد کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ گیس پائپ لائن پر کچھ ہمارے پرانے معاہدے تھے ان پر بھی روس کی طرف سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اور ہم نے روس سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں کچھ لچک کا مظاہرہ کرے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جو معاہدے روس کے ساتھ کئے گئے ہیں ان کی تفصیلات جنوری تک طے پا جائیں گی اور روس کا وزارتی سطح کا وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس کے بعد ان معاہدوں پر مزید پیشرفت سامنے آئے گی۔

Crude Oil

PAKISTAN RUSSIA

Tabool ads will show in this div