پنجاب میں دھند کے باعث ٹریفک حادثہ، دو افراد زخمی
میانوالی میں دھند کے باعث ڈمپر مکان سے ٹکرایا گیا، حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
کہاں کہاں کے راستے کھول دیئے گئے؟
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں چھائی دھند صبح ہوتے ہی کم ہونا شروع ہوگئی، جس کے بعد لاہور سے سیالکوٹ اور ایم 1 برہان سے صوابی تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کھول دیا گیا ہے۔
موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ جب کہ اوچ شریف موٹر وے ایم 5 ظاہر پیر سے شیر شاہ تک بند کی گئی تھی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شکر گڑھ میں نارووال روڈ پر منڈی خیل سے جسٹر تک دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر سے کم رہ گئی تھی۔ جب کہ نور کوٹ، نیناں کوٹ روڈ اور ظفر وال روڈ پر بھی دھند کے باعث حد نگاہ صفر ریکارڈ کی گئی۔
عوام سے اپیل
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کریں، جب کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔
لاہور اسموگ
پنجاب کا دارالحکومت لاہور مسلسل چار دن سے فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہے۔
اتوار چار دسمبر کو شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس صحت کے لیے انتہائی غیر موزوں قرار دیا گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 409 ریکارڈ کیا گیا۔
آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں نئی دلی دوسرے اور ڈھاکا تیسرے نمبر پر ہے۔ کراچی آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبرپرموجود ہے۔