آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، ضلع باغ میں پولنگ جاری
آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ جاری ہے اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع باغ ، راولا کوٹ ، سدہنوتی اور حویلی میں پولنگ ہو رہی ہے۔
خواتین ووٹرز کیا کہتی ہیں؟
آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخاب میں خواتین بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہیں۔ خواتین نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ان کے مسائل حل ہونگے۔ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے گھروں سے پولنگ اسٹیشن پہنچ رہے ہیں۔
پونچھ ڈویژن کے 10لاکھ 9 ہزار 160 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، چار ڈویژنز میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 36ہزار جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہے۔
ووٹنگ کیلئے 487 وارڈز، 1873 پولنگ اسٹیشن اور 2735 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 547پولنگ اسٹیشن حساس جب کہ 406 حساس ترین قراردئیے گئے ہیں۔
پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے آزاد کشمیر پولیس کے علاوہ پنجاب اور کے پی کے پولیس اور رینجرز کی 5ہزار اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال کے بارے میں کنٹرول روم میں اطلاع دی جائے گی، ضلعی انتظامیہ بھی الاٹ ہے۔