سابق سفیر اسد مجید سیکریٹری خارجہ تعینات

اسد مجید فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے

حکومت پاکستان نے امريکا ميں تعینات سابق پاکستانی سفير اسد مجید کو سیکریٹری خارجہ تعینات کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جمعہ دو دسمبر کو اسد مجید کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اسد مجید اس وقت بیلجیئم، یورپی یونین اور لیگسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اسد مجید فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

ڈاکٹر اسد مجید کا تعلق فارن سروسز پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے افسر ہیں، وہ ملک کے 31 ویں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

وفاقی سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سوا تین سال اس اہم عہدے پر فرائض سر انجام دینے کے بعد 29 ستمبر کو سبکدوش ہوگئے تھے، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ سہیل محمود نے اپنی پیشرو تہمینہ جنجوعہ کے بعد اپریل 2019 میں وفاقی سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اب ڈاکٹر اسد مجید ان کی جگہ سنبھالیں گے۔

سائفر کی ابتدا

نئے سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان جب امریکہ میں پاکستان کے سفیر تعینات تھے تو انہی کے دورِ سفارت میں امریکی سائفر کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ انہوں نے 11 جنوری 2019 سے رواں برس مارچ تک واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی حیثیت میں خدمات سر انجام دیں تھیں۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کو مبینہ بیرونی سازش کا نتیجہ قرار دیا تھا اور اس سلسلے میں امریکا سے آنے والے ایک مراسلے کا ذکر بھی کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خلاف مبینہ بیرونی سازش کی حقیقت جاننے کی غرض سے ملک کی قومی سلامتی کمیٹی نے ڈاکٹر اسد مجید خان کو طلب کرکے بریفنگ بھی لی تھی۔

امریکہ میں تعیناتی سے قبل ڈاکٹر اسد مجید جاپان میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جب کہ رواں سال 24 مارچ کو انہیں بیلجیئم میں سفیر تعینات کیا گیا تھا۔

وہ 2016 سے 2017 کے دوران پاکستان کے دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری، امریکا ڈیسک بھی رہ چکے ہیں، علاوہ ازیں سال 2012 سے 2015 تک واشنگٹن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور ناظم الامور کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر اسد مجید کا تعلق سی ایس ایس کے 16ویں سی ٹی پی سے ہے اور وہ ٹریڈ لا میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔

سہیل محمود کی سبکدوشی کے بعد ڈاکٹر اسد مجید دفتر خارجہ کے افسران کی سینیارٹی فہرست میں پہلے نمبر پر تھے، جبکہ دوسرے سینیئر افسران میں ترکی میں پاکستانی سفیر سائرس قاضی، اٹلی میں سفیر جوہر سلیم اور چین میں معین الحق بھی شامل تھے۔

Foreign Secretary

Pakistani Ambassador

ASAD MAJEED

Tabool ads will show in this div