کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار

دنیا کا مہنگا ترین شہر سنگاپور اور سستا ترین شہر دمشق ہے

برطانوی اشاعتی ادارے دی اکنامسٹ کی رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔

برطانیہ کے معروف اشاعتی ادارے دی اکنامسٹ گروپ (The Economist Group) کے تحقیقاتی اور تجزیاتی شعبے دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (The Economist Intelligence Unit) نے رواں برس دنیا بھر کے 174 شہروں میں مہنگائی اور اس کے عوام پر اثرات کے جائزے کے لیے سروے کیا ہے۔

سب سے زیادہ مہنگائی

سروے کے مطابق دنیا کے بڑے شہروں میں گزشتہ سال کے دوران مقامی کرنسی کے لحاظ سے بنیادی ضروریات کی سہولیات اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اوسطاً 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ شرح گزشتہ 20 سال کی بلند ترین سطح ہے، جس کی وجہ یوکرین میں جنگ اور چین میں کووِڈ-19 کی پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی لاگت ہے۔

مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر شہر

دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق ترکی کا شہر استنبول (Istanbul)، ارجنٹائن کا بیونس آئرس (Buenos Aires ) اور ایران کے دارالحکومت تہران (Tehran) میں مہنگائی سب سے زیادہ بڑھی۔ وینزویلا کے شہر کراکس (Caracas) میں تو ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح 132 فیصد دیکھی گئی۔

مہنگے پیٹرول نے کمر توڑ دی

ڈبلیو سی او ایل (WORLDWIDE COST OF LIVING) انڈیکس کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ پیٹرول کی قیمت میں ہوا، پیٹرول کی قیمتوں میں مقامی کرنسی کے لحاظ سے سالانہ اوسطاً 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بجلی اور گیس بھی مہنگی

مغربی یورپ کے شہروں میں مقامی کرنسی کے لحاظ سے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً 29 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ عالمی سطح پر گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح روس پر عائد تجارتی پابندیوں کے باعث خوراک اور گھریلو سامان کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔ اس کے برعکس آرائشی اور تفریحی سامان اور خدمات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں ، جس کی وجہ صارفین کی جانب سے بنیادی ضروریات کر ترجیح دینا ہے۔

سب سے مہنگے شہر کون سے؟

دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی سنگا پور دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے لیکن اس بار اس کے ساتھ نیویارک بھی سرفہرست ہے۔

دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں تل ابیب ، ہانگ کانگ ، لاس اینجلس ، زیورخ، جنیوا، سان فرانسسکو، پیرس، کوپن ہیگن اور سڈنی ہیں۔

سب سے سستے شہر

سروے رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے سستا شہر شام کا دارالحکومت دمشق (Damascus) ہے، جس کے بعد لیبیا کا شہرطرابلس (Tripoli)، ایران کا دارالحکومت تہران دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر قرار پایا ہے۔

کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر

روشنیوں کے شہر کراچی کو پاکستان میں غریب پرور شہر کیا جاتا ہے، عالمی سطح پر بھی اس کی شہرت ایسی ہی ہے۔

دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے بنیادی اخراجات کے اعتبار سے کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر ہے، اس سے زیادہ سستے شہر دمشق، طرابلس، تہران، تیونس اور تاشقند ہی ہیں۔

Tabool ads will show in this div