پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفے دینے کا فیصلہ کل ہوگا

ن لیگ بھی تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد کم کرنے کے لئے کوشاں

پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفے دینے کا فیصلہ کل ہوگا۔

تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل ڈھائی بجے 90 شاہراہِ قائد اعظم ایوان وزیراعلی میں ہوگا، چئیرمن عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت کے ارکان کو دعوت نامے جاری کردئیے گئے ہیں، اجلاس میں ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ اسمبلی تحلیل کرنی ہے یا ارکان نے استعفے دینے ہیں، جب کہ عمران خان پارٹی کو آئندہ لائحہ عمل بارے اعتماد میں لیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن اور ان کے اتحادیوں نے بھی پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لئے اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد کم کرنے کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے۔

اس وقت پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 190 جب کہ اپوزیشن ارکان 180 ہیں۔

مسلم لیگ ن کے پاس دوسرا آپشن گورنرپنجاب بلیغ الرحمن ہیں جو وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہہ سکتے ہیں۔

PUNJAB ASSEMBLY

PTI RESIGNS

Tabool ads will show in this div