عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہینگے، پرویز الہیٰ

عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما پرویز خٹک سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے جمعرات یکم دسمبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پنجاب اسمبلی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے، جب کہ پرویز خٹک کو یقین دہانی کراتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس ( پی ڈی ایم ) نااہل لوگوں کا ٹولہ ہے۔ عمران خان نے 13 جماعتوں کی سیاست کو زیرو کردیا ہے۔ مخالفین کی جانب سے عدم اعتماد یا گورنر راج کے شوشے صرف وہ اپنا دل خوش کرنے کیلئے چھوڑتے ہیں۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اپوزیشن میں عدم اعتماد کا حوصلہ ہے نہ ان کے پاس نمبرز پورے ہیں۔ ملاقات میں دوران گفتگو پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یکم دسمبر بروز جمعرات کو یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

IMRAN KHAN

PERVEZ KHATTAK

PERVAIZ ELAHI

PUNJAB GOVERNMENT ISSUE

Tabool ads will show in this div